صدر زرداری ایک ہفتے بعد لندن سے پاکستان روانہ
لندن( تر کیہ خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری ایک ہفتے سے زائد قیام کے بعد لندن سے پاکستان روانہ ہوگئے۔پاکستان روانگی سے قبل مختصر گفتگو میں صدر آصف علی زرداری نے اپنی خیریت دریافت کیے جانے پر کہا کہ اللہ کا فضل ہے۔ لندن میں قیام کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہاں اچھا وقت گزرا۔برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے ایئرپورٹ پر صدر مملکت کو الوداع کیا۔ذرائع کے مطابق صدر زرداری کے ایک ہفتے سے زائد برطانیہ میں قیام کے دوران مختلف طبی معائنے بھی کیے گئے، تاہم انہوں نے اس دوران کسی سیاسی سرگرمی میں شرکت نہیں کی۔صدر آصف علی زرداری کا تقریباً 6 سال بعد برطانیہ کا یہ دورہ تھا۔دوسری جانب قیام کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری بھی ان سے ملاقات کیلئے لندن آتے رہے۔