راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی، صدر و وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی، صدر و وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد(تر کیہ خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پائلٹ افسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کی 55ویں برسی پر انہیں وطن کے لیے عظیم قربانی دینے پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ راشد منہاس شہید نے کم عمری میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کرکے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کم عمر ترین نشانِ حیدر حاصل کرنے والے راشد منہاس کی قربانی قومی تاریخ کا روشن باب ہے، جو نئی نسل کو عزم، بہادری اور وطن سے وفاداری کا درس دیتی رہے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے عظیم سپوت، دیگر شہداء اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے قومی ہیرو ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ راشد منہاس شہید کی قربانی جرات، حب الوطنی اور فرض شناسی کی بے مثال علامت ہے۔ انہوں نے ملکی دفاع اور قومی وقار کی خاطر اپنی جان پیش کی۔وزیراعظم کے مطابق شہید راشد منہاس کی بہادری اور قربانی قوم اور افواج پاکستان کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے تمام عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ احترام کی نظر سے دیکھا جائے گا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.