اسلام آباد( ترکیہ خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر کاروباری برادری اور صنعتکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ محنت کشوں کے وقار اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جو قوم اپنے مزدوروں کا تحفظ کرتی ہے وہ اپنے مستقبل کو محفوظ بناتی ہے، جبکہ محنت کشوں کو بااختیار بنانا پائیدار قومی ترقی کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی محنتی معیارات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جن میں منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، جبری مشقت اور کم سن بچوں سے مشقت کے خاتمے سمیت امتیازی سلوک کا خاتمہ شامل ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں ملک و بیرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزدور طبقہ ملکی معیشت کو متحرک رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی محنت کش قومی صلاحیت اور محنت کا روشن عکس ہیں، جو قیمتی زرمبادلہ کے ذریعے معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہنرمندی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ محنت کش طبقے کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
کاروباری برادری اور صنعتکار محنت کشوں کے وقار اور تحفظ کو یقینی بنائیں: صدر اور وزیراعظم کی اپیل
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان