دہشتگردوں کے مقابلے کیلئے جدید اسلحہ فراہم کیا جائے: پولیس کا وزیراعلی کے پی کے سے مطالبہ
پشاور( ترکیہ خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہونے والے پولیس اہلکار نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے جدید اسلحہ اور بہتر وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار وزیراعلیٰ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پولیس کو دہشت گردوں کے مقابلے کے لیے جدید اور مؤثر اسلحہ فراہم کیا جائے۔ترجمان خیبرپختونخوا حکومت شفیع جان نے کہا ہے کہ پولیس کو جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی اور ضروری وسائل فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں پولیس کا بجٹ بڑھا کر 191 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن اضلاع میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیاں، اینٹی ڈرون سسٹمز، تھرمل کیمرے، ڈرون ٹیکنالوجی، سیف سٹی منصوبوں اور فارنزک سہولیات کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔شفیع جان کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے سینکڑوں ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا پولیس میں پہلی مرتبہ یو اے وی ڈویژن بھی قائم کیا گیا ہے۔ڈی پی او لوئر دیر طلال احمد نے بتایا کہ دہشت گردوں کی بدلتی حکمت عملی کے پیش نظر مزید جدید وسائل کی ضرورت موجود ہے، تاہم حکومت اور پولیس قیادت کی توجہ کے باعث لوئر دیر پولیس کو جدید ڈرونز، اینٹی ڈرون سسٹمز، کواڈ کاپٹرز، ہیوی گنز، تھرمل ویپن سائٹس، تھرمل بائنوکولرز، بلٹ پروف ہیلمٹس اور دیگر جدید آلات فراہم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان جدید سہولیات کی بدولت دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی نگرانی، بروقت نشاندہی اور مؤثر کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔