آزاد کشمیر میں ن لیگ کی پوزیشن مستحکم، ساجد اقبال عباسی کا اتحاد کا اعلان
مظفرآباد( تر کیہ خبر) آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 14 دھیرکوٹ سے کامیاب رکن اسمبلی ساجد اقبال عباسی نے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد اور نئی حکومت کی حمایت کا اعلان کردیا، جس کے بعد حکومت سازی کے لیے ن لیگ کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی۔ساجد اقبال عباسی کی شمولیت کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 26 ہوگئی، جبکہ پیپلز پارٹی 12 ارکان کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ساجد اقبال عباسی کے ن لیگ کا حصہ بننے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساجد اقبال عباسی اپنے حلقے کی تعمیر و ترقی کے لیے مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دھیرکوٹ سے مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ فیصل اعجاز نے انتخاب لڑا تھا، تاہم پارٹی عوام کے فیصلے کا احترام کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راجہ فیصل اعجاز اور ساجد اقبال عباسی بھائیوں کی طرح مل کر دھیرکوٹ کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔