آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ، ن لیگ کی شاندار کامیابی، 14 نشستیں حاصل

آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ، ن لیگ کی شاندار کامیابی، 14 نشستیں حاصل

مظفرآباد( تر کیہ خبر) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔ 20 میں سے 19 حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 14 نشستیں جیت لیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 5 حلقوں میں کامیاب رہی۔دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 8 حلقوں سمیت مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ مہاجرین کی پنجاب سے مختص تمام 10 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔ تاہم حلقہ ایل اے 27 میں شدید موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ اور پولنگ کا سامان بروقت نہ پہنچ سکا، جس کے نتیجے میں وہاں کے تمام 196 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔غیر حتمی نتائج کے مطابق نیلم ویلی کے حلقہ ایل اے 25 سے مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے 26 نیلم ویلی ٹو میں پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید نے کامیابی حاصل کی۔مظفرآباد کے مختلف حلقوں میں بھی مسلم لیگ (ن) نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ایل اے 30 سے مصطفیٰ بشیر عباسی، ایل اے 31 سے ثاقب مجید راجہ اور ایل اے 32 سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کامیاب قرار پائے۔ ایل اے 33 میں پیپلز پارٹی کے دیوان علی خان قمر چغتائی نے کامیابی حاصل کی۔مہاجرین کی نشستوں میں مسلم لیگ (ن) کا پلڑا بھاری رہا، جہاں جموں اور کشمیر ویلی کے بیشتر حلقوں میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ ایل اے 34 سے ایل اے 39 تک مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے کامیابیاں سمیٹیں، جبکہ کشمیر ویلی کی بعض نشستوں پر بھی ن لیگ نے کامیابی حاصل کی۔نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے چند اہم حلقوں میں کامیابی حاصل کی، جن میں ایل اے 29، ایل اے 33، ایل اے 40 اور ایل اے 45 شامل ہیں۔انتخابی نتائج مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشن واضح ہونے کا امکان ہے، تاہم تمام نتائج الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی اعلان کے بعد ہی سرکاری حیثیت اختیار کریں گے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.