وزیراعظم کی ایس ایم ایز کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم کی ایس ایم ایز کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد ( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمیڈا سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور صنعتی سہولتوں کے فروغ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران سمیڈا کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ایس ایم ایز کو قرضوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات میں اضافے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان صنعتوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کسانوں کو اجناس اور پھلوں کی پراسیسنگ سے متعلق آگاہی فراہم کرنے، قرضوں کے حصول کے لیے خصوصی مالیاتی مصنوعات تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو منصوبہ بندی، فیزیبلٹی رپورٹ کی تیاری سمیت دیگر مراحل میں معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو فوری بنیادوں پر دور کرنا ضروری ہے، جبکہ سمیڈا نوجوانوں بالخصوص خواتین کاروباری افراد کو صنعتیں قائم کرنے میں بھرپور تعاون فراہم کرے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر مصدق ملک، معاون خصوصی ہارون اختر، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔ صوبائی حکام اور ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.