ٹیکس چوروں، اسمگلروں کیخلاف کارروائی تیز کی جائے، وزیراعظم
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ایف بی آر کی اصلاحات سے متعلق ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کو پی آر اے ایل کی تنظیم نو پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ٹیکس نظام میں تبدیلیوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے اور اصلاحات کا آزادانہ آڈٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت اور ترقی کے لیے ٹیکس نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل نظام، پیداوار کی نگرانی اور خودکار طریقہ کار اصلاحات کے بنیادی حصے ہیں۔وزیراعظم نے ایف بی آر میں اچھی شہرت رکھنے والے مال کی قیمت جانچنے والے ماہرین کی تعیناتی کو بھی سراہا اور چیئرمین ایف بی آر سمیت متعلقہ ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔