وزیراعظم کی ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد( تو کیہ خبر) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو جاری منصوبوں کی صورتحال، ان پر ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قومی اہمیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہو اور عوام کو جلد ان کے فوائد حاصل ہو سکیں۔ملاقات میں ملک کی ترقی، مستقبل کے اہداف اور مختلف اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔