وزیراعظم سے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کی ملاقات، عالمی امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم سے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کی ملاقات، عالمی امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدواروں نے ملاقاتیں کیں، جن میں عالمی امن، سلامتی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار میکی سال نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر تعاون اور کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کیلئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارے کی آئندہ قیادت عالمی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق کے تین بنیادی ستونوں کو متوازن انداز میں آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد، عالمی قوانین اور معاہدوں کے احترام کیلئے پاکستان کے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کیا۔میکی سال نے اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ریبیکا گرینسپین نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کثیرالجہتی تعاون کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مسائل کے حل کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کا احترام ناگزیر ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.