پاک برطانیہ دوستی مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم
اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں بادشاہ چارلس سوم کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بادشاہ اور شاہی خاندان کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ کرکٹ کے میدان میں دونوں ٹیمیں سخت مقابلہ کرتی ہیں، تاہم کھیل سے ہٹ کر پاکستان اور برطانیہ کے روابط دوستانہ ہیں۔وزیراعظم نے لاہور میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کا ذکر کرتے ہوئے شاداب خان اور حارث رؤف کی ریکارڈ ساز شراکت کو بھی سراہا۔شہباز شریف نے بادشاہ چارلس سوم کی عوامی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی عوامی خدمت کے جذبے کی عکاس ہے۔انہوں نے بتایا کہ 6 سال کے وقفے کے بعد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ بحال ہوگیا ہے اور پی آئی اے نے اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے کے لیے پروازیں شروع کردی ہیں۔وزیراعظم کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم تقریباً 5.5 ملین پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ باہمی تجارت میں مزید اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔