شاہی قلعے کا 200 سالہ قدیم اکبری دروازہ بحال، دسمبر میں عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ

شاہی قلعے کا 200 سالہ قدیم اکبری دروازہ بحال، دسمبر میں عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ

لاہور( ترکیہ خبر) شاہی قلعے کا تقریباً دو صدیوں سے بند تاریخی اکبری دروازہ بحال کر دیا گیا، جسے رواں سال دسمبر میں سیاحوں اور شہریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔مغل بادشاہ اکبر کے عہد میں تعمیر ہونے والا یہ دروازہ برطانوی دور حکومت میں بند کر دیا گیا تھا۔ 2023 میں شروع کیے گئے بحالی منصوبے کے تحت عمارت کو اصل مغل طرز تعمیر کے مطابق بحال کیا گیا ہے۔قلعے کے مشرقی حصے میں واقع یہ دروازہ ماضی میں اندرون شہر کو شاہی قلعے سے ملاتا تھا، جہاں سے عام شہری، تاجر اور شاہی وفود آمدورفت کرتے تھے۔بحالی کے دوران سکھ اور برطانوی ادوار میں کی گئی پلستر کی تہیں ہٹانے پر قدیم فریسکو مصوری دریافت ہوئی، جس میں ہندو دیوتاؤں کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ ان تاریخی نقوش کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔طویل عرصے تک بند رہنے کے باعث لکڑی کا مرکزی دروازہ جام اور غیر متوازن ہو چکا تھا، جسے مرمت کے بعد دوبارہ قابل استعمال بنا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رسائی کا راستہ، ریمپ اور قدیم نکاسی آب کا نظام بھی بحالی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔منصوبے کے تحت عمارت میں ٹکٹ گھر، تاریخی تصاویر اور دستاویزات کی گیلری، نگرانی کا کمرہ، وہیل چیئر ریمپ اور پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔حکام کے مطابق دروازہ کھلنے سے شہریوں کو قلعے میں داخلے کا ایک اضافی راستہ میسر آئے گا، جبکہ تاریخی ورثے کے تحفظ، سیاحت کے فروغ اور مقامی معاشی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملے گی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.