اسلام آباد( ترکیہ خبر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کو عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہر لٹر پٹرول پر 117 روپے تک لیوی وصول کر رہی ہے، جس سے عوام شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت غریب اور زکوٰۃ کے مستحق افراد سے بھی بھاری ٹیکس وصول کر رہی ہے، جبکہ محدود آمدن رکھنے والے طبقے کیلئے ماہانہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے اذیت ناک انداز میں رقم وصول کی جا رہی ہے اور یہ پالیسی غریب طبقے کیلئے ناقابلِ برداشت بن چکی ہے۔امیر جماعت اسلامی کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران 1200 ارب روپے سے زائد پٹرولیم لیوی وصول کی جا چکی ہے، جبکہ 30 جون تک یہ رقم 1700 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کو آئینی عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے اور عدالت کو اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئینی حدود سے تجاوز کرنے والی اس لیوی کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔