پاکستان کا سندھ طاس معاہدے پر مؤقف عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

پاکستان کا سندھ طاس معاہدے پر مؤقف عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد ( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور بین الاقوامی برادری نے اس معاہدے کی قانونی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت دی ہے۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے شدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جس کی قانونی حیثیت مسلمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ہمیشہ اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ پانی پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے، اس لیے قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔عطا اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان میں پہلی بار سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ایک بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے آبی ماہرین شریک ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس سے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مزید تقویت ملی ہے اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستانی بیانیے کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے معاملے کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھا رہا ہے اور کسی بھی صورت اپنے حصے کے پانی پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں شدید سیلابوں کا سامنا کر چکا ہے اور ملکی معیشت کا بڑا حصہ زراعت پر انحصار کرتا ہے، جو براہ راست پانی سے وابستہ ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارتی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور اس معاملے پر سخت مؤقف برقرار رکھے گا۔انہوں نے بتایا کہ جاری بین الاقوامی کانفرنس کے دوسرے روز جسٹس اور رائٹس کے موضوع پر خصوصی سیشن ہوگا، جس میں آبی حقوق اور بین الاقوامی قانونی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.