اسلام آباد( ترکیہ خبر) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان نہ صرف دفاعی بلکہ سفارتی اور سیاسی میدان میں بھی خطے میں استحکام کی ایک اہم قوت کے طور پر ابھرا ہے، جبکہ عالمی برادری میں پاکستان کے وقار اور ساکھ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے ہر مرحلے پر ایک ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد اسلام آباد نے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، تاہم بھارت نے بغیر شواہد الزامات عائد کرتے ہوئے غیر قانونی جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل عالمی برادری کو متنبہ کرتا رہا کہ جوہری صلاحیت رکھنے والے خطے میں کسی بھی قسم کی مہم جوئی خطرناک نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشیدگی کے باوجود پاکستان نے سیاسی بصیرت، سفارتی تدبر اور عسکری پختگی کا مظاہرہ کیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت ملی۔پاکستانی سفیر کے مطابق بھارت کے مقابلے میں پاکستان کے دفاعی اخراجات کم ہیں، تاہم اصل طاقت جدید دفاعی حکمت عملی، قومی اتحاد اور عوامی عزم میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے جذباتیت کے بجائے حقائق، صبر اور تدبر کی بنیاد پر اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کیا، یہی وجہ ہے کہ عالمی اور سوشل میڈیا کے دور میں بھارتی بیانیے کی کمزوریاں نمایاں ہو کر سامنے آئیں۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان آج بھی پلوامہ اور پہلگام واقعات کے ٹھوس شواہد کا مطالبہ کر رہا ہے اور عالمی برادری بھی ان سوالات کے جوابات کی منتظر ہے۔سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے میں ایسی کوئی شق موجود نہیں جس کے تحت اسے یکطرفہ طور پر معطل کیا جا سکے۔
معرکۂ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا، رضوان سعید شیخ
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان