پاکستان کی سفارتی کامیابیوں نے عالمی سطح پر نئی شناخت قائم کر دی، امریکی میڈیا کا تجزیہ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی حالیہ دفاعی کامیابیوں اور ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مؤثر ثالثی نے عالمی سطح پر پاکستان کو ایک نئی سفارتی شناخت دلائی ہے۔امریکی میڈیا ادارے فوکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت واشنگٹن کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ پاکستان پہلے ہی اپنی سفارتی اہمیت منوا چکا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جی سیون سربراہی اجلاس (جی سیون سمٹ) کے موقع پر امریکی صدر اور بھارتی وزیر اعظم کی ملاقات روایتی گرمجوشی کے بجائے صرف رسمی مصافحے تک محدود رہی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کے آثار نمایاں ہوئے۔تجزیے کے مطابق بھارت کئی برسوں تک پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کرتا رہا، تاہم اب علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کو ایک اہم سفارتی کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔بھارتی صحافی سریندر ساگر کے مطابق بعض بھارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اب امن کے معاملات میں بھارت کے بجائے پاکستان کی طرف زیادہ دیکھ رہی ہے، جسے مودی حکومت کی سفارتی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔