اسلام آباد( ترکیہ خبر)پاسپورٹس کی عالمی درجہ بندی جاری کرنے والے ادارے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے مئی 2026 کے لیے نئی فہرست جاری کر دی، جس میں پاکستانی پاسپورٹ تنزلی کے بعد 100 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ تاہم اس کے باوجود پاکستانی شہریوں کو اب بھی 30 ممالک تک ویزا فری یا آسان سفری سہولیات میسر ہیں۔رپورٹ کے مطابق رواں سال فروری میں پاکستانی پاسپورٹ 97 ویں پوزیشن تک بہتر ہوا تھا جبکہ جنوری میں یہ 98 ویں اور 2025 میں 103 ویں نمبر پر تھا، مگر تازہ درجہ بندی میں دوبارہ تنزلی دیکھی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہریوں کو اس وقت 30 ممالک میں ویزا فری، ویزا آن ارائیول یا الیکٹرانک سفری اجازت نامے کی سہولت حاصل ہے۔ اس سے قبل فروری 2026 میں یہ تعداد 32 جبکہ جنوری میں 31 تھی، تاہم عالمی ویزا پالیسیوں میں تبدیلی کے باعث یہ سہولت محدود ہو کر 30 ممالک تک رہ گئی ہے۔ویزا فری رسائی رکھنے والے ممالک میں بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، روانڈا، گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وینواٹو سمیت دیگر شامل ہیں، جبکہ ویزا آن ارائیول کی سہولت کمبوڈیا، مالدیپ، نیپال، سینیگال اور دیگر ممالک میں دستیاب ہے۔ اسی طرح کینیا، سیچیلس اور سری لنکا میں داخلے کے لیے الیکٹرانک سفری اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔یہ درجہ بندی انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کی بنیاد پر ترتیب دی جاتی ہے، جس میں دنیا کے 199 پاسپورٹس کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق درجہ بندی میں تبدیلی کا مطلب فوری طور پر سفری آزادی میں بڑی کمی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ویزا پالیسیوں میں ردوبدل کی عکاسی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ درجہ بندی میں کمی کے باوجود پاکستانی شہری اب بھی متعدد ممالک کے لیے نسبتاً آسان سفری سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، جس سے مختصر دورانیے کے سفر میں سہولت برقرار ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ مزید تنزلی کا شکار، عالمی درجہ بندی میں 100 ویں نمبر پر پہنچ گیا
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان