دبئی میں پاکستانی ڈاکٹرز سمیت طبی ماہرین کو اعزازات سے نوازا گیا

دبئی میں پاکستانی ڈاکٹرز سمیت طبی ماہرین کو اعزازات سے نوازا گیا

دبئی( مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں گلوبل ہیلتھ کیئر اینڈ ویلنس ایوارڈز 2026ء کی تقریب کوئین الزبتھ ٹو کروز شپ پر منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز، طبی ماہرین اور صحت و فلاح کے شعبے سے وابستہ نمایاں شخصیات کی خدمات کو سراہا گیا۔تقریب میں صحت، فلاح و بہبود اور انسانی خدمت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو مختلف اعزازات دیے گئے۔ پاکستانی ڈاکٹرز اور پاکستانی کمیونٹی سے وابستہ طبی ماہرین کی خدمات کو بھی خصوصی پذیرائی ملی، جسے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے اہم اعزاز قرار دیا گیا۔شرکا کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ڈاکٹرز علاج معالجے، سماجی خدمات اور انسانی ہمدردی کے کاموں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے شعبہ صحت میں مثبت کردار ادا کرنے کے ساتھ پاکستان کا بہتر تشخص بھی اجاگر کررہے ہیں۔تقریب کے روح رواں ڈاکٹر سید ایچ اے جوہر تھے۔ انہوں نے گلوبل ہیلتھ کیئر اینڈ ویلنس ایوارڈز کو طبی شعبے کے قابل اور محنتی افراد کی خدمات کے اعتراف کا مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کا مقصد ڈاکٹرز، طبی ماہرین اور انسانی خدمت سے وابستہ افراد کی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔تقریب کے انتظامی معاملات فیصل امین کی نگرانی میں انجام دیے گئے۔ مہمان خصوصی معروف اماراتی کاروباری رہنما اور سابق پولیس افسر میجر عمر المزروئی تھے، جبکہ احمد صالح اور ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے مہمانانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز، طبی ماہرین اور صحت و فلاح کے شعبے سے وابستہ افراد میں اعزازات تقسیم کیے گئے۔شرکا نے اس تقریب کو طبی شعبے سے وابستہ شخصیات کی حوصلہ افزائی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طبی ماہرین کی خدمات کا اعتراف معاشرے میں صحت، فلاح اور انسانی خدمت کے جذبے کو مزید فروغ دیتا ہے، جبکہ دبئی عالمی طبی برادری کے درمیان تعاون اور مثبت روابط کے اہم مرکز کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.