پاکستان آج اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا

پاکستان آج اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا

 اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستان آج سے اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کانفرنس کے نئے صدر ہوں گے اور وہ اجلاس کی صدارت کے لیے جنیوا میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کی سالانہ رپورٹ تیار کرکے رکن ممالک کی منظوری کے لیے پیش کرے گا، جبکہ 2027 کے ایجنڈے کی تیاری کے سلسلے میں مشاورت اور مذاکرات میں بھی سہولت کاری کرے گا۔پاکستانی صدارت میں رواں ہفتے خلا میں اسلحے کی دوڑ کی روک تھام کے معاملے پر اہم بحث بھی ہوگی۔کانفرنس میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ روکنے، جوہری جنگ کے خطرے کی روک تھام اور منفی سلامتی ضمانتوں سمیت متعدد اہم امور زیر بحث آئیں گے۔ فوجی شعبے میں مصنوعی ذہانت، عالمی و علاقائی امن اور تزویراتی استحکام کے معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس کی صدارت پاکستان کو عالمی سلامتی، جوہری عدم پھیلاؤ اور تزویراتی استحکام سے متعلق اہم مباحث میں نمایاں سفارتی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.