پاکستان 2026-27 کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پاکستان نے 2026-27ء کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کونسل کی صدارت سنبھالنے کی تیاری مکمل کرلی، اس حوالے سے اعلامیے پر دستخط کردیئے گئے۔کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے دستاویز پر دستخط کیے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان 2026-27ء کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کونسل کی صدارت کرے گا۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں شرکت کے لیے مرکزی ہال پہنچے، جہاں کرغزستان کے صدر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران مصافحہ بھی کیا۔اجلاس میں شریک رکن ممالک کے سربراہان نے گروپ فوٹو بھی بنوایا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ نمایاں نظر آئے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔