پاکستان کی ریاض میں سعودی آرامکو عمارت پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت
اسلام آباد ( ترکیہ خبر) پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت کو حوثیوں کی جانب سے نشانہ بنانے کی کوشش پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور سعودی قیادت و عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حملے کی کوشش کو ناقابل قبول اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ترجمان نے کہا کہ شہری تنصیبات پر حملے انسانی جانوں کے تحفظ اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق سنگین غیر ذمہ داری کا مظہر ہیں۔ پاکستان نے حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر روک دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے سعودی حکام کی بروقت کارروائی اور مستعدی کو سراہتا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام ضروری اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا امن و تحفظ پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور سعودی بھائیوں اور بہنوں کے تحفظ، سلامتی اور خوش حالی کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔