ترکیہ میں ماحولیاتی کانفرنس، آذربائیجان کا منفرد مکالماتی مرکز قائم
انطالیہ ( ترکیہ خبر) ترکیہ کے صوبے انطالیہ میں جاری عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 میں آذربائیجان نے ’’مکالمے کی راہداری‘‘ کے تصور کے تحت تیار کردہ خصوصی نمائش گاہ کے ذریعے شرکت کی ہے۔ ترکیہ کی میزبانی میں ہونے والی اس کانفرنس کے مذاکراتی عمل کی قیادت آسٹریلیا کر رہا ہے، جبکہ تقریباً 200 ممالک کے وفود شریک ہیں۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس نمائش گاہ میں ملک کو ماحول دوست توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور عالمی مکالمے کے حوالے سے ایک اہم رابطہ مرکز کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ کانفرنس کے 2 ہفتوں کے دوران یہاں 40 سے زائد تقریبات، مذاکروں اور ملاقاتوں کا انعقاد کیا جائے گا۔یہ منصوبہ عالمی سطح پر مکالمے اور تعاون کے فروغ کے لیے آذربائیجان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ اس سے قبل باکو میں ہونے والی کوپ 29 میں ’’اتحاد کا گھر‘‘ جبکہ برازیل کے شہر بیلیم میں منعقدہ کوپ 30 میں ’’ورثے کا ہال‘‘ قائم کیا گیا تھا۔ انطالیہ میں اس سلسلے کو ایک نئے تصور کے ساتھ آگے بڑھایا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد مذاکرات کے ذریعے طے پانے والے معاہدوں کو عملی نتائج اور مؤثر تعاون میں تبدیل کرنا ہے۔نمائش گاہ کی تیاری میں حیدر علییف مرکز اور آذربائیجان کی وزارت ماحولیات و قدرتی وسائل نے مشترکہ کردار ادا کیا ہے۔’’مکالمے کی راہداری‘‘ کا تصور 2 ایک دوسرے سے منسلک بنیادی شعبوں پر مشتمل ہے، جن میں پہلا شعبہ زمینی رابطوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق ہے۔آذربائیجان وسطی ایشیا کے وافر قابل تجدید توانائی وسائل اور یورپ کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کے درمیان تزویراتی اہمیت رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ملک میں 4 ماحول دوست توانائی راہداریوں کی ترقی پر کام جاری ہے۔نمائش گاہ میں قائم ’’سبز توانائی کی راہداریاں‘‘ کے عنوان سے خصوصی گوشے میں ان منصوبوں کے راستوں اور ان پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں شرکا کو تفصیلی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔