ترکیہ آذربائیجان دوستی ناقابلِ شکست، تعلقات خراب کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی، اردوان

ترکیہ آذربائیجان دوستی ناقابلِ شکست، تعلقات خراب کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی، اردوان

استنبول (تر کیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے ساتھ ان کے ملک کے برادرانہ تعلقات غیر متزلزل ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوں گی۔آذربائیجان کے دورے سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور آذربائیجان دو برادر ممالک ہیں، جن کے درمیان دوستی، یکجہتی اور مشترکہ تاریخ کے مضبوط رشتے قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے توانائی، نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے سمیت اہم تزویراتی شعبوں میں بڑے منصوبوں کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید وسعت دی ہے۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علییف کی دعوت پر یوم فتح کی تقریبات میں شرکت کے لیے شہر شوشا کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد اور یکجہتی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے آذربائیجان کو یوم فتح اور یوم قومی پرچم کی مبارک باد دی، خوجالی قتل عام کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا اور اپنے دورے کے دوران شہر خانکندی جانے کا بھی ذکر کیا۔اردوان نے بتایا کہ صدر الہام علییف کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ انہیں قرہ باغ میں جاری تعمیر نو اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کا موقع بھی ملا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.