بھارتی آتشبازی اور آلودہ ہواؤں سے پنجاب میں سموگ خطرناک حد تک بڑھ گئی
لاہور ( تر کیہ خبر) بھارت میں دیوالی کے موقع پر ہونے والی آتشبازی اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہواؤں نے پاکستانی پنجاب کے مختلف شہروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث لاہور فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔تازہ فضائی اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 303 ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح تشویش ناک حد تک بلند رہی۔ گلبرگ ٹو میں فضائی آلودگی کی شرح 639 ریکارڈ ہوئی، جبکہ سید مراتب علی روڈ پر فضائی معیار کا اشاریہ 475 اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں 470 تک پہنچ گیا۔ برکی روڈ میں یہ شرح 370 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 342 ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک پہنچ گیا۔دوسری جانب پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔ ملتان میں آلودگی کی شرح 971 جبکہ بہاولپور میں 796 ریکارڈ کی گئی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آلودگی پھیلانے والے تمام مقامی ذرائع کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور متعلقہ محکمے عملی طور پر متحرک ہیں۔ زیادہ آلودگی والے علاقوں میں دھوئیں کو کم کرنے والی مشینوں کے ذریعے کارروائی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں 28 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، خلاف ورزیوں پر 3 صنعتی یونٹس اور 11 بھٹوں کو سربمہر کر دیا گیا ہے۔