مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، علاقائی امن کا ضامن ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد ( ترکیہ خبر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات اور مشترکہ تعاون کا مظہر ہے، اس کا مقصد کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس ’’مارگلہ ڈائیلاگ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور کثیرالجہتی سفارتکاری کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ بین الاقوامی قوانین پر امتیازی عمل درآمد عالمی سطح پر تفریق کو جنم دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط خطے کا خواہاں ہے۔ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے، اس مقصد کے لیے پاکستان مؤثر اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدلتے عالمی حالات میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے ساتھ روابط بھی اہمیت کے حامل ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان اپنی قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی تعلقات اور معاشی ترقی کے امکانات کو بھی وسعت دینا چاہتا ہے۔انہوں نے عالمی اداروں، بالخصوص اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی دنیا میں ترقی اور مواقع کے نئے راستے کھول رہی ہے، تاہم عالمی سلامتی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔ موجودہ عالمی اور علاقائی مسائل کے تناظر میں مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد اہم پیش رفت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن اور خوش حالی کے لیے تنازعات کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان تمام اختلافات کے پرامن تصفیے کا حامی ہے، تاہم عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی کشمکش تصادم اور غلط اندازوں کے خطرات میں اضافہ کر رہی ہے۔ عسکری قوت کے استعمال سے سفارتکاری کے امکانات محدود ہو رہے ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی نظام تیزی سے تبدیلیوں سے گزر رہا ہے اور موجودہ حالات میں مذاکرات و سفارتکاری کے لیے مزید گنجائش پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی اختلافات کے باعث عالمی اداروں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ بین الاقوامی اصولوں پر غیر مساوی عمل درآمد تمام ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی معاملات کا باہمی تعلق بھی مسلسل گہرا ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ کاری تک رسائی کے شعبوں میں عالمی مسابقت بڑھ رہی ہے۔ قومی سلامتی اور عوام کی خوش حالی کے لیے داخلی استحکام اور مؤثر سفارتکاری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ مستقبل کے عالمی نظام کی صورت حال تاحال واضح نہیں۔اسحاق ڈار کے مطابق دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مستحکم اداروں، تربیت یافتہ افرادی قوت اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔ ترقی پذیر ممالک کو بھی عالمی معیشت میں مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔