پاکستان اور سری لنکا کا انسداد منشیات و امیگریشن تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستان اور سری لنکا نے انسداد منشیات، امیگریشن اور پولیس تعاون سمیت مختلف شعبوں میں باہمی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سری لنکا کے وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران انسداد منشیات کے لیے مؤثر رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے پولیس ٹریننگ کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا۔دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور جعلی پاسپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے افراد کی روک تھام کے لیے معلومات کے تبادلے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے امیگریشن سربراہان کے درمیان فوری رابطوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں جرائم پیشہ گروہوں کے نیٹ ورکس اور منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی گفتگو ہوئی۔