ترکیہ خبر

صومالیہ میں اغوا پاکستانی جہاز کے مغویوں کی رہائی پر پاکستان اور صومالیہ کے درمیان رابطہ

صومالیہ میں اغوا پاکستانی جہاز کے مغویوں کی رہائی پر پاکستان اور صومالیہ کے درمیان رابطہ

اسلام آباد ( ترکیہ خبر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں صومالی ساحل کے قریب پاکستانی جہاز کے اغوا اور اس میں سوار افراد کی رہائی کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اپریل 2026 میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سے صومالی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران پاکستان کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مغویوں کی خیریت، ان کی جلد رہائی اور محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جائے۔صومالی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت مغوی پاکستانیوں کی جلد رہائی کے لیے مخلصانہ اور بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے پاکستان اور صومالیہ کے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کے حل تک قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔صومالی وزیر خارجہ نے اس موقع پر علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار اور کوششوں کو بھی سراہا۔