بھارت کے اشتعال انگیز بیانات پر پاکستان کا دوٹوک مؤقف
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع بدستور اقوام متحدہ کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کا بیان اس تنازع سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔ترجمان کے مطابق بھارتی حکومت ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جو علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن رہی ہیں۔ بھارت کو پاکستان کے عوام اور حکومت کے مضبوط عزم کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے۔ پاکستان کسی بھی جارحانہ اقدام کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، جس کا مظاہرہ ماضی میں پوری قوم اور مسلح افواج نے اپنے عزم و حوصلے سے کیا۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے بیانات دے رہا ہے۔ عالمی برادری کو بھارت کے مسلسل جارحانہ رویے کا نوٹس لینا چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود ہے، لہٰذا عالمی ادارے کو بھارت سے ان قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرنے کا جواب طلب کرنا چاہیے۔