پاکستان نے کشمیر سے متعلق بھارتی دعوے مسترد کر دیے
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پاکستان نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات متنازع خطے کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود بین الاقوامی تنازعات میں شامل ہے اور یہ اس ایجنڈے پر موجود قدیم ترین تنازعات میں سے ایک ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا چاہیے۔ یہ رائے شماری اقوام متحدہ کی نگرانی میں سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کرائی جانی چاہیے۔ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سرکاری نقشوں میں جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ ظاہر کیا گیا ہے، اس لیے بھارت کے نام نہاد سرکاری نقشوں اور یکطرفہ خودمختاری کے دعوؤں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے اقدامات کا نوٹس لے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے متعلق اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں، کیونکہ یہ حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حاصل ہے۔