پاک بحریہ کا کامیاب آپریشن، 19 ماہی گیروں کو بچا لیا گیا
کراچی( تر کیہ خبر) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرہ عرب میں انجن خراب ہونے کے باعث پھنسی ماہی گیر کشتی کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا۔پاک بحریہ کے مطابق کشتی گوادر سے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں سمندر میں پھنس گئی تھی، جس پر سوار 19 ماہی گیروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ریسکیو کیے گئے افراد میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل ہیں۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے رابطہ کیا گیا، جس کے بعد پی این ایس تیمور نے کارروائی کرتے ہوئے کشتی کے عملے کو خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد فراہم کی۔پاک بحریہ نے خراب انجن والی کشتی کو محفوظ طریقے سے ساحل تک منتقل کر دیا۔پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اس کے عزم اور ہر وقت تیار رہنے کی صلاحیت کا اظہار ہے۔