پاکستان کا افغان طالبان سے کراچی حملے پر شدید احتجاج، ڈیمارش جاری
اسلام آباد ( ترکیہ خبر) پاکستان نے کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے کے بعد افغان طالبان حکومت کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کراچی حملے کے بعد افغان طالبان حکومت کو احتجاجی مراسلہ (ڈیمارش) دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے افغانستان کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ اسی نوعیت کا احتجاجی مراسلہ پاکستان کے افغانستان میں تعینات سفیر عبیدالرحمٰن نظامانی نے بھی افغان وزارتِ خارجہ کے حکام کے حوالے کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق یہ احتجاجی مراسلے اس بنیاد پر جاری کیے گئے کہ کراچی حملے میں افغان شہری ملوث پائے گئے، جن میں سے ایک حملہ آور کو زندہ گرفتار بھی کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ اس واقعے سے یہ بات ایک بار پھر سامنے آئی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور افغان شہری ان حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں ملوث ہیں۔