پاک قازق تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہوچکے ہیں: صدر زرداری

پاک قازق تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہوچکے ہیں: صدر زرداری

اسلام آباد( تر کیہ خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن کی پانچ سالہ سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی اور باہمی روابط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے۔صدر زرداری نے کہا کہ فروری 2026ء میں قازق صدر کاسِم ژومارت توکایف کا 23 سال بعد پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم سنگ میل ہے۔ دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد کے ساتھ سیاسی خیرسگالی کو تجارت اور سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برس میں دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر تک بڑھائی جاسکتی ہے، جبکہ زراعت، توانائی، معدنیات، کان کنی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور دواسازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔صدر نے دونوں ممالک کے درمیان سڑک، ریل، فضائی اور بحری روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے لیے قازقستان کی 10 لاکھ ڈالر گرانٹ اور گوجرانوالہ میں پہلے پاک قازقستان مصنوعی ذہانت مرکز کے قیام کا خیرمقدم کیا۔قازق سفیر نے بتایا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان ریلوے رابطے پر کام جاری ہے، جبکہ تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی، زراعت، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور تعلیم کے لیے 6 ورکنگ گروپس فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان پاکستانی آم، امرود، فالسہ اور دیگر پھلوں کے لیے بڑی منڈی بن سکتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.