ایس سی او صدارت، پاکستان میں نیشنل کوآرڈینیٹرز کا اجلاس

ایس سی او صدارت، پاکستان میں نیشنل کوآرڈینیٹرز کا اجلاس

اسلام آباد (تر کیہ خبر) پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم کی ایک سالہ گردشی صدارت کے دوران نیشنل کوآرڈینیٹرز کے پہلے اجلاس کا آغاز کردیا، جس کا مقصد آئندہ سال اگست میں اسلام آباد میں ہونے والے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کو آگے بڑھانا ہے۔تین روزہ اجلاس میں ایس سی او کے 10 رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز شریک ہیں، جو تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری اور باہمی تعاون میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اجلاس کے لیے تقریباً 2 سال بعد بھارتی وفد پاکستان پہنچا ہے، بھارتی وفد کی قیادت نیشنل کوآرڈینیٹر الوک امیتابھ دیمری کر رہے ہیں۔ اجلاس میں پاکستان کی 2026-27 کی صدارت کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے علاوہ آئندہ اجلاسوں اور تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔پاکستان نے رواں ماہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کی گردشی صدارت سنبھالی ہے۔ صدارت کے دوران پاکستان علاقائی رابطہ کاری، جدت، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کو ترجیح دے گا۔وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان ان ترجیحات پر پیش رفت کے لیے تمام رکن ممالک اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا اور تنظیم کے اندر تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مقصد رکن ممالک کے مشترکہ وژن کو عملی اور باہمی مفاد پر مبنی اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔نیشنل کوآرڈینیٹرز کونسل کا اجلاس 28 سے 30 ستمبر تک اسلام آباد میں جاری رہے گا۔ اجلاس کی سربراہی پاکستان کے ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹر کریں گے، جبکہ تنظیم کے سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم یوریشیا میں سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کا علاقائی فورم ہے، جس کی بنیاد 2001 میں چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان نے رکھی تھی۔ پاکستان اور بھارت 2017 میں مستقل رکن بنے، ایران نے 2023 میں تنظیم میں شمولیت اختیار کی جبکہ بیلاروس 2024 میں ایس سی او کا 10واں رکن بنا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.