پاکستان علاقائی استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا رہا ہے، پاکستانی سفیر
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور ان سے ملحقہ خطوں میں علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ علاقائی تنازعات اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی نے پاکستان کی قومی سلامتی، معیشت اور معاشرتی زندگی پر گہرے اور طویل مدتی اثرات مرتب کیے ہیں۔طلبہ سے گفتگو کے دوران رضوان سعید شیخ نے افغانستان کی صورتحال، دہشت گردی، سرحدی انتظام، معیشت اور پاکستان کی علاقائی پالیسیوں سمیت مختلف امور پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مسلسل خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ متعدد بحرانوں اور مشکلات سے گزرنے کے باوجود پاکستانی قوم نے غیر معمولی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور امن، خوشحالی اور ترقی کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔