اسلام آباد( ترکیہ خبر)پاکستانی فری لانسرز نے ملکی ڈیجیٹل معیشت میں اپنی اہمیت مزید بڑھاتے ہوئے مالی سال 2025-26 کے ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران مجموعی آئی ٹی برآمدات میں اپنا حصہ 25 فیصد تک پہنچا دیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فری لانسرز کی برآمدی آمدن پہلی بار ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے مئی تک آئی ٹی اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ فری لانسرز نے ایک ارب 6 کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 49 فیصد زیادہ ہے۔پاکستان کی مجموعی آئی ٹی برآمدات بھی رواں مالی سال کے دوران 4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ گزشتہ سال فری لانسرز کا حصہ 20 فیصد تھا جو اب بڑھ کر 25 فیصد ہو گیا ہے۔ماہرین کے مطابق نوجوانوں میں فری لانسنگ کے بڑھتے رجحان، پاکستانی ڈیجیٹل خدمات کی عالمی طلب میں اضافے اور حکومتی سہولتوں نے اس ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔بینکاری نظام میں بہتری، آسان مالیاتی طریقہ کار اور بیرون ملک سے حاصل ہونے والی آمدن کے بہتر انتظام نے بھی فری لانسرز کو رسمی مالیاتی ذرائع اختیار کرنے کی ترغیب دی ہے۔
پاکستانی فری لانسرز کی آئی ٹی برآمدات ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان