ایران سے تجارت کیلئے برآمدی شرائط میں 60 روز کی نرمی

ایران سے تجارت کیلئے برآمدی شرائط میں 60 روز کی نرمی

اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزارتِ تجارت نے ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مخصوص برآمدی اشیاء پر 60 روزہ عارضی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال کی منظوری سے برآمدی پالیسی 2022 کی شق نمبر 3 کے تحت بعض مخصوص اشیاء کی برآمد کے لیے بینک کے ذریعے ادائیگی کی لازمی شرط میں عارضی نرمی کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رعایت 2 جولائی سے 30 اگست 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔ اس عرصے کے دوران متعلقہ برآمدات کے لیے مالی دستاویزات (فنانشل انسٹرومنٹس) جمع کرانے کی شرط سے بھی عارضی استثنا حاصل ہوگا۔ذرائع کے مطابق ایران کے ساتھ براہِ راست بینکاری چینل موجود نہ ہونے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان برآمدی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔اس عارضی رعایت کے تحت ایران کو فضائی راستے سے کیلا، آم اور گوشت برآمد کرنے والوں کو سہولت حاصل ہوگی، جبکہ زمینی راستے سے چاول، آلو، گوشت، جیلاٹن، مکئی، تل اور مویشیوں کی خوراک کی برآمد بھی اس رعایت سے مستفید ہوگی۔مزید برآں، وسطی ایشیائی ممالک اور آذربائیجان کو ایران کے راستے چاول برآمد کرنے والے پاکستانی برآمدکنندگان بھی اس خصوصی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.