ترکیہ خبر

لبنان پر اسرائیلی حملے قابلِ مذمت، پاکستان کا سلامتی کونسل میں مؤقف

لبنان پر اسرائیلی حملے قابلِ مذمت، پاکستان کا سلامتی کونسل میں مؤقف

 اسلام آباد( ترکیہ خبر)اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لبنان پر ہونے والے حملے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پائیدار اور دیرپا امن کا حصول صرف مذاکرات، سفارتکاری اور باہمی بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششوں کا سلسلہ برقرار رکھے گا اور عالمی برادری سے بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی اپیل کرتا ہے۔