پاکستان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل کرلیا، دفتر خارجہ
استنبول( تر کیہ خبر) پاکستان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے نیوز کانفرنس کے دوران اس پیش رفت کی تصدیق کی۔ترجمان کے مطابق یہ دفاعی معاہدہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی و استحکام کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔سجاد حیدر خان نے بتایا کہ معاہدے، اس کی توثیق اور عملی نفاذ سے متعلق امور تینوں ممالک کے درمیان زیرِ غور ہیں۔ ان معاملات پر اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی میں بھی بات چیت جاری ہے، جس کا حالیہ اجلاس 5 اکتوبر کو منعقد ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہر ملک بین الاقوامی معاہدوں کی منظوری اور توثیق کے لیے اپنے آئینی اور قانونی طریقۂ کار پر عمل کرتا ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب بھی معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل کرچکا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد معاہدے کی عبارت اور روح کے مطابق عمل درآمد کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ ان کے بقول، معاہدہ دفاعی نوعیت کا حامل ہے، اقوام متحدہ کے منشور سے مطابقت رکھتا ہے اور اس کا مقصد خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔سجاد حیدر خان کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اس مشترکہ عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ علاقائی مسائل کے حل علاقائی سطح پر تلاش کیے جائیں، جبکہ تینوں ممالک کا مشترکہ اسٹریٹجک وژن خطے کی سلامتی اور استحکام پر مرکوز ہے۔