آر فور وزرائے خارجہ اجلاس: حوثی حملوں کی مذمت، آبنائے ہرمز کے معاملے پر سفارتکاری پر اتفا ق
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے شہر استنبول میں آر فور وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں علاقائی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی مذمت کی گئی اور مملکت کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔مشترکہ اعلامیے میں یمن کی حکومت اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی تمام کارروائیاں، دھمکیاں اور حملے فوری طور پر بند کرے۔اعلامیے میں امریکا اور ایران کے درمیان فوجی تنازع اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے شہریوں، شہری تنصیبات اور جہازوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مشترکہ اعلامیے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی حمایت کا اظہار بھی کیا گیا۔فلسطینی حقوق اور دو ریاستی حل کی حمایتآر فور وزرائے خارجہ نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاری کی تمام سرگرمیوں کی مذمت کی اور اسرائیل سے پرتشدد کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔اعلامیے میں فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد پر زور دیا گیا۔