پاکستان اور کینیڈا کا تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد( تر کیہ خبر) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس سے قبل پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور تعاون کے نئے مواقع پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں بھی ان سے ملاقات ہوئی تھی اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان مسلسل رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔