پاکستان کا یوریشین یونین سے آزاد تجارتی معاہدے کا آغاز
ماسکو( مانیٹرنگ ڈیسک)روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان نے یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے، جسے آئندہ چند ماہ سے دو سال کے دوران مکمل کیا جا سکتا ہے۔پاکستانی سفیر کے مطابق پاکستان نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور کا اہم شراکت دار ہے، اسی لیے یوریشین خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کا فروغ پاکستان کی ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے وزیر تجارت اور یوریشین اکنامک یونین کی قیادت کے درمیان اس معاملے پر رابطے جاری ہیں اور امید ہے کہ معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ مستقبل میں مرمانسک، منسک اور ماسکو سے اسلام آباد، کراچی اور گوادر تک زمینی راستے کے ذریعے رابطے آسان ہو سکتے ہیں، جس سے تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان روس، قازقستان، بیلاروس اور کرغزستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھا سکتا ہے، جبکہ پاکستان بھی ان ممالک کے لیے مختلف مصنوعات اور مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق مضبوط معاشی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کی بنیاد بن سکتے ہیں۔