پاکستان بحرین میں تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد( تر کیہ خبر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور بحرین کے تعلقات سمیت تجارت، معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ عالمی و علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔رہنماؤں نے بین الاقوامی سطح پر تعاون بڑھانے اور اختلافات و تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو مؤثر راستہ قرار دیا۔ دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی رابطوں میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔