گوتریس کا دورہ پاکستان مکمل، عالمی امن کیلئے پاکستانی خدمات کو سراہا
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل ہوگیا۔ اس دوران انہوں نے صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، عسکری قیادت اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی معاملات، کشمیر، فلسطین، امن و سلامتی اور کثیرالجہتی نظام سمیت مختلف امور زیرِ بحث آئے۔ پاکستان نے کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے عالمی امن و ترقی کیلئے خدمات کے اعتراف میں انتونیو گوتریس کو نشانِ امتیاز بھی عطا کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے امن مشنز سمیت عالمی سطح پر پاکستان کی خدمات کو سراہا۔دورے کے دوران گوتریس نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے دفتر، قومی ادارہ برائے قدرتی آفات کا دورہ اور خارجہ سروس اکیڈمی میں خصوصی خطاب بھی کیا۔ دورے کو پاکستان اور اقوام متحدہ کے دیرینہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع قرار دیا گیا۔