پاکستان نے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پاکستان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی صدارت سنبھال لی ہے، جس کے اجلاسوں کی صدارت ایڈیشنل سیکریٹری اسلحہ کنٹرول و تخفیف اسلحہ طاہر اندرابی کر رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 2026 کے اجلاس کا آخری صدر ہے اور اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کی سالانہ رپورٹ کی تیاری سمیت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں قرارداد پر مذاکرات کی رہنمائی کرے گا۔پاکستان نے بطور صدر مشاورتی عمل کا آغاز بھی کردیا ہے۔ طاہر اندرابی نے 2026 کے اجلاس کے سابق صدور کے اجلاس کی صدارت کی اور مختلف علاقائی گروپس کے نمائندوں سے مشاورت کی۔دفتر خارجہ کے مطابق جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ اسلحہ کنٹرول سے متعلق معاہدوں پر مذاکرات کے لیے دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے، جس کے 65 رکن ممالک ہیں اور ان میں تمام جوہری طاقتیں بھی شامل ہیں۔کانفرنس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، خلا کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال ہونے سے روکنا اور دیگر اہم عالمی سلامتی کے امور شامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ کانفرنس کی صدارت پاکستان کو ملنا عالمی برادری کے اس اعتماد کا اظہار ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر سفارتی قیادت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔