پاک فوج کا سرحدی علاقے میں آنے والے 4 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
اسلام آباد( ترکیہ خبر)پاک فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کی سرحدی سمت سے آنے والے چار ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا، جبکہ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی اشتعال انگیزی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق 30 جون کو بلوچستان کی سرحدی سمت سے آنے والے چار ابتدائی نوعیت کے ڈرونز کو پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت شناخت کر لیا تھا۔بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جدید دفاعی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے چاروں ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی دہشت گرد تنظیموں کی مبینہ سرپرستی کے تسلسل کا حصہ تھی، تاہم پاکستان کی دفاعی تیاری اور بروقت ردعمل کے باعث کسی بھی ممکنہ خطرے کو ناکام بنا دیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا جارحیت کا فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔