پاکستان اور پرتگال کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور پرتگال کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور( ترکیہ خبر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومینگوئیس نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کاروبار، زراعت، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں، تاہم مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں تاکہ تجارتی روابط میں اضافہ ہو سکے۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن سے بھرپور ہیں اور ملک سیاحت کے شعبے میں پرتگال کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستانی طلبہ پرتگال میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں طلبہ کے تبادلے کے پروگرام شروع کرنے پر بھی زور دیا۔ملاقات کے دوران پرتگال کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ کاروبار، سیاحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.