دوشنبے( ترکیہ خبر) پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سرحدی سلامتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں پاک ایران سرحدی انتظام و انصرام، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور خطے میں مجموعی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے داخلی سلامتی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے بھی دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور سرحدی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔