پاکستان اور گھانا کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
راولپنڈی( ترکیہ خبر) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم آگیاپانگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو مزید وسعت دینے اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔گفتگو میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تربیتی پروگراموں، دفاعی پیداوار اور عسکری مہارتوں کے تبادلے پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تربیتی معیار اور قومی سلامتی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔اس موقع پر دونوں عسکری رہنماؤں نے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔جنرل ہیڈکوارٹرز آمد پر گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے اعزاز میں چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔