اسلام آباد( ترکیہ خبر) ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کو خطے میں امن اور استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اس پیش رفت پر پاکستان اور چین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی یادداشتِ مفاہمت کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس سلسلے میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا۔گفتگو کے دوران چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے عالمی امن کے فروغ میں اس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے معاملے میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کے لیے چین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور پاک چین پانچ نکاتی اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مفاہمت پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مسلسل رابطے اور تعاون ضروری ہیں۔ اس موقع پر عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کی کھلی اور محفوظ حیثیت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔