پاکستان اور چین کا سی پیک 2.0 اور اے آئی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد( ترکیہ خبر)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون، سی پیک 2.0، تجارت، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار اور وانگ یی نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مشاورت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دوسری جانب پاکستان نے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔رپورٹس کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شنگھائی میں منعقدہ تقریب کے دوران اس معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔